عدالت کا لاہور ڈویژن میں کتا مار مہم روکنے کا تحریری حکم

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور ڈویژن میں کتا مار مہم روکنے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے کتا مار مہم کے خلاف حکم امتناع جاری کر دیا، جسٹس شاہد کریم نے ایرج حسن سمیت دیگر کی درخواست پر ایک صفحے کا تحریری حکم جاری کیا، درخواست گزاروں کی جانب سے التمش سعید ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست میں اینیمل برتھ کنٹرول پالیسی پر عملدرآمد کی استدعا کی گئی۔
تحریری حکم کے مطابق اینیمل برتھ کنٹرول پالیسی کے برعکس کتوں کو مارنے کا عمل فوری روکا جائے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، سرکاری وکیل عدالتی حکم سے متعلق کمشنر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور میونسپل کارپوریشن کو آگاہ کریں۔
تحریری حکم میں لکھا گیا ہے کہ سرکاری وکیل ہدایات لیکر بتائیں پالیسی کے باوجود کتوں کو کیوں مارا جا رہا ہے، پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین آئندہ سماعت تک جواب بھی جمع کرائیں، درخواست گزار کے مطابق حکومتی پالیسی کے باوجود بڑے پیمانے پر کتوں کو مارا جا رہا ہے۔