وفاقی انشورنس محتسب نے صدر مملکت کو ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کر دی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی انشورنس محتسب نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ادارے کی سالانہ رپورٹ 2024 پیش کر دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی انشورنس محتسب ممتاز علی شاہ کی ملاقات ہوئی، انشورنس محتسب نے صدر مملکت کو سال 2024 میں ادارے کی کارکردگی بارے بتایا۔
انہوں نے بریفنگ دی کہ انشورنس محتسب انشورنس کمپنیوں کی بدانتظامیوں اور دھوکہ دہی پر مبنی انشورنس پالیسیوں کی فروخت کے خلاف شکایات کا ازالہ کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں انشورنس محتسب نے شکایت کنندگان کو 2.32 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا، انشورنس محتسب نے 2024 میں 5،827 شکایات کا ازالہ کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے غریب اور کمزور انشورنس پالیسی ہولڈرز کو انصاف کی جلد فراہمی پر زور دیا۔