پنجاب میں قبضہ مافیا اور فراڈ کرنے والوں کیخلاف کڑی قانون سازی کی تیاری
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے قبضہ مافیا اور پلاٹس کی خرید و فروخت میں فراڈ کرنیوالوں کیخلاف کڑی قانون سازی کی تیاری مکمل کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے بورڈ آف ریونیو میں ہونے والے اہم اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ایس ایم بی آر نبیل جاوید، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل، ڈی جی ایل ڈی اے، پی ایل آر اے اور دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ، فنانس، قانون، روڈا، کوآپریٹوز، ماحولیات اور واسا کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس کے شرکا کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں اور جعلی فائل سسٹم کے خلاف عوامی شکایات کا تدارک کیا جائے گا جبکہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری سے متعلقہ سافٹ ویئر تیار کرے گی۔
اجلاس کے دوران ڈیجیٹل ریونیو ریکارڈ، این او سیز کی فراہمی سمیت دیگر امور 90 روز میں نمٹانے کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی تشہیر روکنے اور پراپرٹی ڈیلرز کو رجسٹرڈ کرنے بارے میں بھی سفارشات پیش کی گئیں۔
شرکا نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے اکاؤنٹس اور اثاثہ جات منجمد کیے جانے بارے بھی سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلابی پانی کی گزرگاہوں پر آبادکاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا ہے کہ منظور شدہ اراضی سے کئی گناہ زیادہ پلاٹس کی فائلیں فروخت کرنیوالوں کو کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی جبکہ الاٹ شدہ اراضی کی اقساط ادائیگی کے بعد جگہ تبدیل کرنے والی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔
بلال یاسین نے مزید کہا ہے کہ جعلسازی، دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث عناصر اپنا قبلہ درست کر لیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر عوام کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔