وانا : دہشتگردوں کے حملے میں رہنما جے یو آئی مولانا سلطان محمد شہید
وانا:(دنیا نیوز)جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں خارجی دہشتگردوں کے حملے میں مولانا حافظ سلطان محمد شہید ہو گئے، جبکہ ان کی کم سن بچی بھی نشانہ بنی۔
جمعیت علما اسلام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ باجوڑ اور جنوبی وزیرستان جیسے گہرے مذہبی تشخص رکھنے والے علاقوں میں حریت پسند اور امن کے داعی علما مسلسل خطرے میں ہیں۔
6 ماہ قبل جمعیت علما اسلام جنوبی وزیرستان کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ ندیم بم دھماکے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور تاحال علاج زیرِ التوا ہے۔ اس سے قبل سابق ضلعی امیر مولانا مرزا جان بھی دہشتگردانہ حملے میں شہید ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مخلص اور جری ساتھی مولانا سلطان محمد کی شہادت پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے، جمعیت علما اسلام اپنی آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد جاری رکھے گی، چاہے اس راہ میں کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینا پڑیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے ادارے فوری طور پر امن قائم کرنے اور علما کرام کے تحفظ کو یقینی بنائیں، اور دہشتگرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔