خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے: شہباز شریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندگان نے ملاقات کی۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور گورننس سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے، حکومت دائرہ اختیار کے تحت مسائل کے پائیدار حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا میں وفاق کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی جلد پشاور کا دورہ کرے گی اور عوامی نمائندگان سے مل کر وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لے گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں