کراچی سیف سٹی پراجیکٹ دو ماہ میں فعال، فوری بھرتیوں کی ہدایت
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ دو ماہ کے اندر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار، چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی جی سیف سٹیز اتھارٹی سرفراز نواز نے وزیراعلیٰ کو کراچی سیف سٹی پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ کراچی سیف سٹی پراجیکٹ شہر کے لیے نہایت اہم ہے اور کراچی کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ای چالان سسٹم کے بعد اب کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کے پہلے فیز کو لانچ کیا جا رہا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ دو ماہ کے اندر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا، اس مقصد کے لیے انہوں نے ضروری عملے کی فوری بھرتی کی ہدایت جاری کی اور سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 34 ماہر تکنیکی اور انتظامی افسران کی بھرتی کی منظوری بھی دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ عملے کی بھرتی سلیکشن کمیٹی کے ذریعے کی جائے گی جسے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ پہلے ہی نوٹیفائی کر چکا ہے، اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 200 ملین روپے کے نظرثانی شدہ بجٹ کی بھی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کر کے کراچی میں امن و امان اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔