دہشتگردی پر سیاست قابلِ مذمت، فتنہ الخوارج سے ڈٹ کر لڑیں گے: عظمیٰ بخاری

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ ایسے عناصر قابلِ مذمت ہیں جو قومی سانحوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردِعمل میں عظمیٰ بخاری نے ان ان لوگوں کی مذمت کی ہے جو دہشتگردی کے واقعہ پر سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن عناصر کو ماضی میں ہزارہ کے شہیدوں کی لاشیں بلیک میل کرتی تھیں، وہ آج خاموش رہیں، جو لوگ دہشتگردی کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرتے ہیں، انہیں خاموش رہنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف یہ ایک جنگ ہے جسے یہ قوم پہلے بھی جیت چکی ہے اور اب بھی کامیابی حاصل کرے گی، جو لوگ افغانستان کے غم میں گھلتے ہیں اور دہشتگردوں کو دہشتگرد کہنے سے گریز کرتے ہیں، وہ پنجاب اور عوام کی خوشیوں سے اپنی کالی سیاست دور رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد چاہتے ہیں کہ کھیلوں کے میدان ویران ہوں اور عوام خوف و پریشانی میں مبتلا رہیں لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوگا، ہم فتنہ الخوارج اور ان جیسے ان کے پیروکاروں سے ڈٹ کر لڑیں گے اور انہیں ہر محاذ پر شکست دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں