لوئر دیر: بریک فیل ہونے پر ٹرک کھائی میں جا گرا، 2 افراد جاں بحق
لوئر دیر: (دنیا نیوز) ضلع لوئر دیر کے علاقے تالاش بانڈگئی میں مال بردار ٹرک کھائی میں گر گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق حادثہ ٹرک کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق پنجاب کے علاقے قصور سے تھا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ مال بردار ٹرک پنجاب سے دیر جا رہا تھا کہ تالاش بانڈگئی کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگیا۔
واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں اور نعشوں کو تحویل میں لے لیا، حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔