چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا فورٹ عباس کا دورہ
فورٹ عباس: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے فورٹ عباس کا دورہ کیا۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ملک کے آخری عدالتی مرکز فورٹ عباس میں عدالتی اصلاحات کا آغاز کر دیا، دورہ کے موقع پر عدالتوں کی سولرائزیشن اور ای لائبریری کا افتتاح کیا گیا۔
.jpg)
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی پالیسیز بہترین ہیں، پنجاب میں مقدمات نمٹانے کی شرح میں اضافہ ہوا، پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں تاریخی اصلاحات کا کریڈٹ چیف جسٹس عالیہ نیلم کو جاتا ہے۔
یحییٰ آفریدی نے کہا کہ یہ اقدامات عدالتوں کی تحقیق اور بلا تعطل کام کو یقینی بنانے کے لیے ہیں، سائلین کو سپریم کورٹ طرز کی سہولیات دی جائیں۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سولرائزیشن، ای لائبریری ،خواتین مرکز سہولیات، صاف پانی کے پلانٹس ترجیحی منصوبے اگست 2026 تک مکمل کیے جائیں۔
.jpg)
یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عدالتی بنیادی ڈھانچے کی بروقت مضبوطی، ٹیکنالوجی کے انضمام اور عوامی خدمات کی سہولیات میں بہتری کو یقینی بنانا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سول جج کی عدالت میں عدالتی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔
یحییٰ آفریدی نے منصوبہ بندی اور بجٹ معاونت کا اعتراف کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب کو جوڈیشل کمپلیکس فورٹ عباس میں سولرائزیشن منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر سراہا۔
.jpg)
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ مالی سال 27-2026 میں عدالتوں میں خواتین سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے، جہاں قانونی، سماجی اور حفاظتی خدمات فراہم ہوں گی، فورٹ عباس دورہ انصاف کی رسائی کو ملک کے آخری کناروں تک یقینی بنانے کا عملی مظہر ہے۔
.jpg)