پنجاب حکومت نے اپنے ہر منصوبے میں خواتین کو ترجیح دی ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب حکومت نے اپنے ہر منصوبے میں خواتین کو ترجیح دی ہے۔

خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت دنیا بھر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،آج کا دن ہر اس عورت کے نام جو باہمت، باصلاحیت اور جرأت مند ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج عورت ہر شعبہ زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے، خواتین سیاست،فوج، عدلیہ سمیت تمام شعبوں میں لیڈ کر رہی ہیں، پنجاب مریم نواز کی قیادت میں خواتین کے لیے تاریخی اقدامات کر رہا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ ایک خاتون ہے اس لیے وہ خواتین کے مسائل کو سنجیدگی سے لے رہی ہے، پنجاب کی عورت پہلے خود کو اتنا محفوظ نہیں سمجھتی تھی جتنی وہ آج محفوظ ہے، پنجاب حکومت نے اپنے ہر منصوبے میں خواتین کو ترجیح دی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو عورت کی حکمرانی کے خلاف بولتے تھے آج وہ مریم نواز کے اقدامات کی تعریفیں کرنے پر مجبور ہیں، مریم نواز نے سیاستدانوں کو عوام کی خدمت کرنے کا ٹرینڈ دیا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں اب کسی خاتون کی طرف بری نظر سے دیکھنے کی کسی کی جرأت نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں