مقبوضہ کشمیر میں جاری پامالیوں پر دفتر خارجہ دنیا کو بتاتا رہے گا: طاہر اندرابی
اسلام آباد:(دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری پامالیوں پر دفتر خارجہ دنیا کو بتاتا رہے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طاہراندرابی کا کہنا تھا کہ کسی بھی جبر کے سامنے خواتین خاموش متاثر ہوتی ہیں، انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے خواتین کی آزمائش مرد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے کوشش کی اقوام متحدہ کی رپورٹس میں خواتین کے حقوق کا ذکر ہوتا رہے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مبصرین مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے رپورٹس جاری کرتے رہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کنن پوش پورہ میں ہونے والی بربریت سمیت بے شمار واقعات پر احتساب نہیں ہو سکا، کنن پوش پورہ کے مجرم آج بھی بھارت میں آزاد ہیں، مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے حقوق پامال کئے گئے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ اگر احتساب ہوتا تو آج مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر مظالم نہ ہوتے، خواتین کے حقوق کی پامالی کا مسلسل چلتا جا رہا ہے، کشمیری حریت قائدین نے وطن کی آزادی کیلئے جدو جہد کی جس کے نتیجے میں قید و بند کی صوبتیں برداشت کررہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ نے دنیا بھر میں مقبو ضہ کشمیر کے حوالے حالات بارے آگاہ کیا، بھارت پر کہیں نہ کہیں انسانی حقوق کی پامالیوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مقبو ضہ کشمیر آج ایک نیو کلئیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جاری پامالیوں پر دفتر خارجہ دنیا کو بتاتا اور آواز بلند کرتا رہے گا۔