یوم علیؓ کے موقع پر جلوسوں کا دورانیہ کم کرنے کا فیصلہ، سکیورٹی پلان تیار

لاہور: (دنیا نیوز) یومِ شہادتِ حضرت علیؓ کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے اہلِ تشیع کے جید علمائے کرام نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں سکیورٹی اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ 21 رمضان المبارک کو یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر پاکستان بھر میں نکالے جانے والے تمام جلوس نمازِ مغرب تک ختم کر دیے جائیں گے جبکہ دیگر جلوسوں کا دورانیہ بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عزاداروں کی حفاظت اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، علمائے کرام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آج پاکستان ایک بار پھر آپ سے اتحاد و اتفاق کا تقاضا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں علمائے کرام کو بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔

ملاقات میں پاکستان بھر کے اہلِ تشیع کے جید علمائے کرام نے حکومت پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دشمن کی سازشوں کو اتحاد اور اتفاق کی قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر تمام علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں