گڈاپ ٹاؤن: کیرئیر ٹرک میں آگ، کروڑوں مالیت کی 74 نئی موٹر سائیکلیں جل گئیں

کراچی: (دنیا نیوز) گڈاپ ٹاؤن میں کیرئیر ٹرک میں اچانک آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کی 74 نئی موٹر سائیکلیں جل کر راکھ ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اولڈ سجاد ہوٹل کے قریب پیش آیا، جس میں 71 جی ڈی 110 ایس اور 3 جی آر 150 موٹر سائیکلیں شامل تھیں، کریئر ٹرک کراچی سے ملتان جا رہا تھا۔

ایس ایچ او گڈاپ سٹی سرفراز جتوئی کے مطابق آگ پیر کی دوپہر ایک بج کر 20 منٹ کے قریب لگی، کمپنی کے عملے اور ڈرائیور نے فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ پر قابو پایا، تاہم اس دوران ڈرائیور معمولی زخمی ہوا۔

واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، متعلقہ کمپنی نے گڈاپ سٹی تھانے میں واقعے کی رپورٹ درج کرادی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں