معرکہ حق میں دشمن کی جارحیت کا جواب دے کر دنیا کو دفاع کا پیغام دیا: صدر مملکت
اسلام آباد:(دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پیغام جاری کر دیا ہے ۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے پیغام میں آصف زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمتِ عملی اور جراتمندانہ فیصلوں کو معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیا، انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو،اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
اُنہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کیلئے قابلِ فخر قرار دیا۔
صدر مملکت کا پیغام میں کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا، غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش آبی دہشت گردی ہے، پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے، افغانستان اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، ایران-امریکہ تنازع کے پُرامن حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔