شہباز شریف کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں کرپشن پر زیروٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کرپشن کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم شہبا زشریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال اور وزارت داخلہ کے امور پر اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم نے ایف آئی اے سمیت وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں میں بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جدید سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہلکاروں کو جدید تربیت اور مہارتوں سے آراستہ کیا جائے۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہترین آلات، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ سازوسامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ رواں سال ستمبر میں اسلام آباد میں زیر تعمیر جیل فعال ہو جائے گی۔

وزیر داخلہ نے اجلاس کو ایف آئی اے، اسلام آباد پولیس، این سی سی آئی اے، فیڈرل کانسٹیبلری، سی ڈی اے اور وزارت داخلہ کے ماتحت دیگر اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت طلال چوہدری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں