کیمبرج نے پاکستان میں اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ ملتوی کر دیا
کراچی: (دنیا نیوز) کیمبرج انٹرنیشل امتحانات میں پرچے لیک ہونے کا معاملہ، کیمبرج نے پاکستان میں اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ ملتوی کر دیا۔
کیمبرج انتظامیہ کے مطابق 12 مئی کو ہونے والا اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ قبل از وقت شیئر کیا گیا، احتیاطی تدبیرکے تحت کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس لیول میتھمیٹکس پیپر 32 (9709) کا امتحان ملتوی کررہے ہیں، نیا پیپر لیا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق یہ پرچہ پاکستان میں جمعہ 15 مئی کو ہونا تھا، امتحانی تاریخ کا اعلان جمعہ 22 مئی تک کر دیا جائے گا، پاکستان میں سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اضافی سکیورٹی اقدامات کے طور پر فیصلہ کیا۔
کیمبرج انتظامیہ کے مطابق سکولوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق تفصیلی معلومات جمعہ 22 مئی تک فراہم کریں گے، کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول کے نتائج جاری کرنے کی تاریخ 11 اگست برقرار رہے گی۔
کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے کہا کہ امتحانی سیزن میں جس نوعیت کی پیپر چوری سامنے آ رہی ہے، وہ غیر معمولی ہے، کچھ عناصر امتحانی نظام اور طلبہ کے مستقبل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
عظمیٰ یوسف نے کہا کہ ذمہ دار عناصر کو روکنے اور سزا دلوانے کے لیے مختلف قانونی راستے اختیار کر رہے ہیں۔