تحریک کا آغاز کردیا، حکومت نے روش نہ بدلی تو ملگ گیر احتجاج ہوگا: حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد:(دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک کا آغاز ہوگیا، حکومت نے روش نہ بدلی تو ملگ گیر احتجاج کریں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی نے احتجاج کیا، عوام کی کثیر تعداد اسلام آباد کے آبپارہ چوک پہنچ گئی جنہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیا۔

اسِ موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جو یہ کہتے تھے کہ پٹرول اور بجلی مہنگی ہونے پر لوگ نہیں نکلتے وہ عوام کو دیکھ لیں، آج سے ہماری بڑی تحریک کا آغاز ہو گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام عوام دشمن اقدامات کے خلاف عوام نکلے ہیں، حکومت نے اپنی روش کو نہ بدلا تو عوام باہر نکلیں گے، وزیر اعظم اپنے سینے سے وہ پتھر کب ہٹائیں گے جس کو رکھ کروہ پٹرول کی قیمتیں بڑھاتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں ایک لیٹر پر 120 روپے لیوی اور50 روپے ٹیکسز شامل ہیں، پاکستان کے حکمران آئی ایم ایف کے غلام ہیں، آئی پی پیز مافیا کو 3400 ارب روہے ادا کیے گئے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کا خون نچوڑ کر جمع ہونے والے پیسے چند ہاتھوں میں دیے جاتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے آئی ہی پیز مافیا کو مضبوط کیا، ملک میں موٹر سائیکلیں غریب لوگ چلاتے ہیں، صرف اِس سال میں موٹر سائیکل چلانے والوں سے 1200 ارب روپے وصول کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جلد ہڑتال کی کال دیں گے، ملک بھر میں کوئی ایک بازار نہیں کھلے گا مکمل شٹر ڈاؤن ہو گا، پانی جب سر سے گزر جائے تو پھر عوام کو کوئی نہیں روک سکے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب حسینہ واجد کو تو ایئر لفٹ مل گئی تھی آپ کو شاید وہ بھی نہ مل سکے، سولر پر ٹیکسز لگائے جا رہے ہیں، ملک پر اشرافیہ کی کنسورشیم کی حکمرانی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں