حکومت بجٹ میں عام آدمی کی آسانیوں کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے، رانا ثنا اللہ
فیصل آباد: (دنیا نیوز) حکومت بجٹ میں عام آدمی کی آسانیوں کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے، اگر جنگی صورتحال نہ ہوتی تو وزیراعظم بڑا ریلیف پیکج دیتے، تاہم اب بھی عوامی ریلیف کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
معاون خصوصی سینیٹر رانا ثنا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا پوری دنیا اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے تاہم موجودہ حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے مسلسل اقدامات کررہی ہے اور معاشی ٹیم ہر معاملے پر مذاکرات میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرجنگی صورتحال نہ ہوتی تو وزیراعظم بڑا ریلیف پیکج دیتے، تاہم اب بھی عوامی ریلیف کیلئے اقدامات جاری ہیں، بجٹ میں عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ افغانستان سے آنے والے دہشتگرد پاکستان میں کارروائیاں کررہے ہیں اور دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی ایک بڑی وجہ سرحد پار نقل وحرکت ہے، پاکستان کی افغانستان سے درخواست ہے کہ وہ بھارت کا آلہ کارنہ بنے اور اپنی سرحدوں کومحفوظ بنائے، کیونکہ اگر بارڈرمحفوظ ہوجائے تو دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کومتحد ہونا ہوگا، جبکہ پاکستانی افواج بہادری اورمہارت سےدہشتگرد عناصر کا مقابلہ کررہی ہیں، بہت جلد دہشتگردی ختم ہوگی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اگر کسی معاہدے میں فلسطین کو تسلیم کیا جائے اور فلسطینی قیادت بھی اسے قبول کرے تو پاکستان بھی ان کے ساتھ ہوگا۔