کشمیریوں کی ترقی، خوشحالی ہمیشہ (ن) لیگ کی ترجیح رہے گی: بلال کیانی
میرپور: (دنیا نیوز) ضلع میرپور کیلئے مسلم لیگ (ن) کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ کشمیر کاز کی طرح کشمیریوں کی ترقی، خوش حالی ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔
میرپور میں کارنر میٹنگ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہو یا آزاد کشمیر، گزرے کل کی طرح آج بھی ترقی کا ایک ہی نشان، علامت اور ضمانت صرف نوازشریف ہے، نوازشریف وہ عظیم شخص ہے جس نے ملک کی بے مثال خدمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک کی ترقی یقینی بنائی، موٹر وے اور بجلی گھربنائے، روزگار دیا، ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنایا، نواز شریف نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کو یقینی بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا کشمیر سے خصوصی رشتہ ہے، موٹر وے لاہور سے سیالکوٹ پہنچ چکی ہے، سیالکوٹ سے کھاریاں تک کے مرحلے پر کام جاری ہے، کھاریاں سے راولپنڈی موٹر وے سیکشن کا کنٹریکٹ ہوگیا ہے، جلد کام شروع اور وزیراعظم شہبازشریف کے دور میں مکمل ہوگا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کھاریاں راولپنڈی موٹر وے سے میر پور اور آزاد کشمیرکے عوام کو بھی سفری سہولت کا فائدہ پہنچے گا، وزیراعظم شہبازشریف آزاد کشمیر میں دانش سکولوں اور یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ منگلا سے میر پورآتے ہوئے عوام کو پُل پر پیش آنے والی مشکلات فوری حل کریں گے، وزیراعظم شہبازشریف نے خستہ حال دینہ منگلا روڈ تعمیر کرائی، جہلم کی طرح میر پور بھی میرا گھر ہے، بچپن سے یہی حقیقت دیکھتا آیا ہوں کہ جہلم میرپور ہے اور میر پور جہلم ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کشمیر کی ترقی اور کشمیر کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، آپ کے جذبے لائق تحسین ہیں، انتخاب میں بھرپور محنت کر کے قائد نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کی جیت یقینی بنائیں گے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور کشمیری ہمارے بھائی ہیں، اُن سے ہمارا رشتہ اٹوٹ ہے۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کی طرح کشمیریوں کی ترقی، خوش حالی ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔