خواتین ترقی کی شراکت دار نہیں قیادت کا کردار ادا کریں: مریم نواز

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خواتین ترقی کی شراکت دار نہیں بلکہ قیادت کا کردار ادا کریں۔

وفاقی دارالحکومت میں 9ویں او آئی سی منسٹیریل کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانا کسی ایک طبقے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترقی کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کانفرنس میں شریک تمام ممالک کے نمائندگان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک اور مہمان نواز لوگوں کی سرزمین ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو عزت، وقار اور تحفظ کے واضح حقوق دیے ہیں جب کہ خواتین کیلئے تعلیم، صحت اور روزگار بنیادی ضروریات ہیں، خواتین کو ترقی کے سفر میں صرف شریک نہیں بلکہ رہبر ہونا چاہیے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ نے فاطمہ جناحؒ اور محترمہ کلثوم نواز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات نے مشکل حالات میں عزم، حوصلے اور استقامت کی مثال قائم کی، محترمہ بے نظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں اور ان کی جدوجہد نے آنے والی نسلوں کیلئے راستے آسان کیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ہر منصوبے میں خواتین کی کامیابی نظر آتی ہے، سکالرشپس اور لیپ ٹاپ سکیموں میں خواتین کا حصہ 60 فیصد سے زائد ہے جب کہ "اپنی چھت، اپنا گھر"، "اپنی زمین، اپنا روزگار"، ہونہار سکالرشپ اور دیگر پروگرامز کے ذریعے خواتین کو مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کو معاشی خودمختاری دینے کیلئے ٹیلرنگ، کوکنگ، ای کامرس، آئی ٹی سکلز، انٹرن شپ اور کاروباری مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ دیہی خواتین کو لائیوسٹاک، ہنرمند خواتین کی مصنوعات کیلئے صنعت زار اور خصوصی افراد کیلئے معاشی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز شریف کا صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتال، کلینک آن وہیل اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے خواتین اور بچوں کو سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہیں، ہر ماں اور بچے کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔

اُنہوں نے خواتین کے تحفظ کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں سیف سٹی کیمرے، ورچوئل پولیس اسٹیشن، موبائل پولیس اسٹیشنز اور سیفٹی بٹن جیسے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنک الیکٹرک ٹیکسی پروگرام کے ذریعے خواتین کو محفوظ سفر کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی مل رہے ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے کا مقصد انہیں اپنی زندگی کے فیصلوں میں مکمل اختیار دینا ہے۔

مریم نواز شریف نے او آئی سی ممالک پر زور دیا کہ وہ خواتین کے تحفظ، تعلیم، معاشی شمولیت اور قیادت کے فروغ کیلئے مل کر اقدامات کریں، انہوں نے شرکاء کو لاہور کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ لاہور تاریخ، ثقافت، شاعری اور مہمان نوازی کا خوبصورت شہر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...