کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 8 اہلکاروں کو اغوا کرلیا: آزاد کشمیر پولیس
مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں وکشمیر پولیس کے ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم نے 8 پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا، مغوی اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، کالعدم تنظیم مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کرے، مغوی اہلکاروں کو نقصان ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے۔
کالعدم تنظیم عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذریعے ہائی وے پولیس اہلکاروں کے اغوا کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ میں عوام کی زندگی اجیرن کردی گئی، خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام پرتشدد احتجاج کو مسترد کرتے ہیں، عوام نے تنظیم سے رابطے منقطع کرلیے، کالعدم تنظیم نے 8 پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا، مغوی اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، اس کے شرپسندوں نے لوگوں کو دھمکیاں دیں، کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں، ریاست نہ پہلے کمزور تھی، نہ اب کمزور ہے۔
ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا کہ کالعدم تنظیم مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کرے، مغوی اہلکاروں کو نقصان ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے، والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں، والدین اپنے بچوں کو شرپسندوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھیں، کالعدم تنظیم کا واحد مقصد ریاستی عملداری کو کمزور کرنا ہے۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کہا کہ پرتشدد کارروائیاں اس چیز کو واضح کرتی ہیں کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نہ صرف ریاست بلکہ ریاستی نظام کو سنگین نقصان پہنچانے کے درپے ہے، شرپسندوں نے نہ صرف ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا بلکہ عام عوام کی زندگی بھی اجیرن بنا دی۔ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کسی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments