پاکستانی پرچم سربلند رکھنے پر کالعدم ایکشن کمیٹی نے 2 نوجوانوں کو اغواء کرلیا
مظفرآباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے پرچم کو آزاد کشمیر میں سربلند رکھنا سردار زاہد اور اکرم منصف کا جرم بن گیا۔
13 اگست کو راولپنڈی سے راولاکوٹ جاتے ہوئے سردار زاہد اور سردار اکرم کو نظریہ پاکستان کی حمایت کے جرم میں رہاڑہ کے مقام پر بھارتی ایجنڈے پر کاربند کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح کارندوں نے اغوا کرلیا۔
سردار زاہد اور سردار اکرم کے اغوا کے بعد لواحقین نے مقامی وفود کے ذریعے کالعدم تنظیم سے رہائی کی اپیل کی تاہم دونوں کے تاحال بازیاب نہ ہونے کے بعد متاثرین کے اہلِخانہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مدد کی اپیل کردی۔
لواحقین کا مطالبہ ہے کہ سردار زاہد اور سردار اکرم منصف کو فوری بازیاب کرا کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم کے نقاب پوش کارندے راولاکوٹ اور گردونواح میں موقع پاتے ہی نظریہ پاکستان کے حامیوں کے گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں، کالعدم ایکشن کمیٹی نے رہاڑہ، ڈی چوک راولاکوٹ، کھائی گلہ اور تولی پیر روڈ پر مسلح ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
ماہرین کے مطابق کالعدم تنظیم کے مسلح غنڈوں کی جانب سے نظریہ پاکستان کے حامل افراد کی ناکوں پر تذلیل اور گھروں کو نذرِ آتش کرنے کی دھمکیاں معمول بن گئی ہیں۔ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کی جانب سے نظریہ پاکستان کے حامیوں کو اغواء اور ہراساں کرنا، بھارتی ایجنڈے پر کاربند ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments