پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر دھرنے دیں گے: حافظ نعیم الرحمان
لاہور:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں واپس نہ لی گئیں تو دھرنے کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیں گے۔
صوبائی دارالحکومت جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کاکہنا تھا کہ ایف بی آر کا ادارہ نااہل اور کرپٹ ہے، وہ اپنے ٹیکس اہداف پورے نہیں کرتا جب کہ بجلی کے بلوں کے ذریعے عوام سے ہزاروں ارب روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پہلے بھی آئی پی پیز کو بے نقاب کیا، حکومتوں نے آئی پی پیز کے نام پر عوام کے ساتھ ظلم کیا اور قوم کی جیب پر ڈاکا مار کر طاقتور طبقے کو مضبوط کیا گیا، ابھی بھی آئی پی پیز سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب سے جماعت اسلامی کے 1400 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، تاہم جماعت اسلامی اپنی تاریخی جدوجہد جاری رکھے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم انتظامی یونٹس کے خلاف نہیں، لیکن آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور مہنگائی کے خلاف عوام کی آواز بن رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے رات کو پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا، حالانکہ پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کرنا پڑے گی، پٹرولیم لیوی کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، حکومت قیمتوں میں اضافہ واپس لے، بصورت دیگر جماعت اسلامی پورے ملک میں ہڑتال کا اعلان کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز کے خلاف احتجاج کے نتیجے میں حکومت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنا پڑی، جبکہ دھرنوں سے حکومت میں ہلچل مچ چکی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا پاکستان کے خزانے میں آئی پی پیز کا ٹیکس جمع نہیں ہوتا، یہ اشرافیہ کا نہیں بلکہ بدمعاشیوں کا نظام ہے، جس نے حکمران طبقے کی پالیسیوں کے باعث عوام کو شدید پریشانیوں میں مبتلا کر رکھا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments