بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں، پمز میں ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا: طارق فضل چودھری

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں، پمز میں ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا۔

پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت نے عدالت کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے تمام انتظامات کیے اور سکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے نکلتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو پمز اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم میڈیا اور عوام کے رش کے باعث انہیں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ پمز میں ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا اور انہیں صحت مند قرار دیا۔ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کی تسلی کے مطابق ان کا معائنہ کیا گیا جبکہ ان کی بہن کی موجودگی میں بھی ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا۔

طارق فضل چودھری  نے کہا کہ اسپتال میں تمام متعلقہ امراض کے ڈاکٹرز موجود تھے اور طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز کی رائے تھی کہ بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر بانی پی ٹی آئی کو دوسرے ہسپتال لے جایا گیا، عمران خان صحت مند ہیں، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت مخالف بیانیے کا کوئی علاج نہیں۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی ماضی میں انتہائی پرتشدد احتجاج کر چکی ہے، اس لیے اس سے پرامن احتجاج کی امید نہیں۔

طارق فضل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو شرپسندی کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے  مشورہ دیا کہ اگر احتجاج کرنا ہے تو پشاور میں کر لیں اور پارٹی کو سسٹم کا حصہ رہنا چاہیے جب کہ عدالتی فیصلے کی وضاحت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...