میئر کراچی نے میمن گوٹھ روڈ کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ملیر میں میمن گوٹھ روڈ کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور کونسل کے اراکین بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے مطابق میمن گوٹھ روڈ کی بحالی کا منصوبہ 23 کروڑ 33 لاکھ 14 ہزار روپے کی منظور شدہ لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، جبکہ سڑک کے دونوں اطراف کی مجموعی لمبائی 8 ہزار 529 رننگ میٹر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت میمن گوٹھ روڈ کی چوڑائی میں اوسطاً 2 میٹر تک توسیع کی گئی ہے، جبکہ سڑک کے 35 ہزار 437 مربع میٹر رقبے پر سفالٹک وئیرنگ کورس بچھایا گیا ہے۔

میئر کراچی کے مطابق منصوبے کے تحت 3 ہزار مربع میٹر رقبے پر 80 ملی میٹر موٹے پیورز بھی لگائے گئے ہیں، جس سے سڑک کے معیار اور پائیداری میں بہتری آئے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میمن گوٹھ کی اہم شاہراہ کی بحالی سے علاقے کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ سڑک کی بحالی سے آمدورفت میں آسانی پیدا ہونے کے ساتھ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ میمن گوٹھ روڈ کی بحالی سے ملیر کے مختلف علاقوں کے مکین براہ راست مستفید ہوں گے اور شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت حاصل ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...