وکلا کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے: اعظم نذیر تارڑ
لاہور: (محمد اشفاق) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وکلا برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
پاکستان بار کونسل کے وفد نے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی، وفد کی قیادت وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی نے کی۔
سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن شہزاد شوکت سمیت دیگر عہدیداران بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی نے وفاقی وزیر قانون کو وکلا برادری کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وکلا کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت وکلا برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز کو ضروری سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ وکلا کو بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جاسکیں، تمام بار ایسوسی ایشنز کو فنڈز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون نے وکلا برادری کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور بار کونسلز کے ساتھ رابطہ مزید بہتر بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments