خواتین کو بااختیار بنانا معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے: یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں سماجی انصاف کو بنیادی اہمیت حاصل ہے جب کہ معاشی استحکام کے حصول کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔

دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں، جن کا مقصد خواتین کو معاشرے میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق خاندان مستفید ہو رہے ہیں، یہ پروگرام ضرورت مند خاندانوں کو معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں بااختیار بنانا معاشرتی ترقی کے اہم تقاضے ہیں، خواتین کو مواقع فراہم کرکے انہیں قومی ترقی کے عمل میں بھرپور شرکت کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہوگا، کیونکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیے بغیر ترقی کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ کو خواتین کی خدمات کے اعتراف کی ایک اہم کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات خواتین کی نمایاں خدمات کو اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔

یاد رہے تقریب میں خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے حقوق کے تحفظ، سماجی انصاف کے فروغ اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...