مکہ معاہدہ سعودیہ، ترکیہ کے ساتھ شراکت داری کی علامت، کسی کے خلاف نہیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے اور معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔
اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام عالمی کانفرنس مارگلہ ڈائیلاگ میں ملکی و غیر ملکی ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور کثیر الجہتی سفارتکاری کو فروغ دیا جائے، عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق کو جنم دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے، مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، پاکستان خطے میں پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے، کسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، پاکستان مؤثر اقدامات کا حامی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان بدلتی عالمی صورتحال میں دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، چین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، یو اے ای اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات اہم ہیں، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان قومی سلامتی مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، عالمی سکیورٹی انفراسٹرکچر اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے، خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز پر مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد اہم ہے، امن اور خوشحالی کیلئے تنازعات کا مذاکرات اور سفارتکاری سے حل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور حامی ہے، عالمی طاقتوں کی کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے، فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں، موجودہ حالات میں سفارتکاری کے لیے گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے، سیاسی اختلافات کی وجہ سے کثیر الجہتی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے، بین الاقوامی اصولوں پر غیر یکساں عمل درآمد سے تمام ممالک کی سلامتی متاثر ہوتی ہے، جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی امور ایک دوسرے سے تیزی سے جڑ رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ تک رسائی پر مسابقت کے اثرات بڑھ رہے ہیں، قومی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اندرونی مضبوطی اور مؤثر سفارتکاری ضروری ہے، ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی شکل ابھی تک غیر یقینی ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ دفاعی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ اور معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ترجیح ہے، کاروبار کے فروغ، روزگار کے مواقع اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مضبوط ادارے، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول ضروری ہے، ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments