صوبوں کی تعداد 32 ہو یا 12، فیصلہ اتفاق رائے سے ہو گا: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ صوبوں کی تعداد 32 ہو یا 12، فیصلہ اتفاق رائے سے ہوگا۔

پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس تضادات سے بھرپور تھی، انہیں اتنا سخت ردعمل دینے کی ضرورت نہیں تھی، پارلیمنٹ بااختیار ہے اور صوبوں کی تعداد بڑھانے یا کم کرنے کا فیصلہ اتفاق رائے سے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا یہ کہنا درست نہیں کہ پارلیمنٹ بااختیار نہیں، تاہم صوبوں سے متعلق بحث ابھی تک کابینہ یا پارلیمنٹ میں نہیں ہوئی بلکہ اس وقت سیمینارز میں جاری ہے۔ جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو تمام سیاسی جماعتیں اس بحث میں حصہ لیں گی۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ صوبے 32 بنیں یا 12، اس کا فیصلہ اتفاق رائے سے ہی ہوگا، ریفرنڈم کرانے کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ نے کرنا ہے، اگر پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی تو ریفرنڈم بھی ہو جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو محسن نقوی اور خواجہ آصف کے بیانات کو زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے، بلاول نے کہا ہے کہ اب تک ان کے ساتھ صوبوں سے متعلق کسی نے بات نہیں کی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم سے ملاقات میں کسی قسم کا گلہ شکوہ نہیں کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...