موجودہ نظام اللہ کے احکامات کے خلاف، اسے ختم ہونا چاہیے: حافظ نعیم الرحمٰن

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ نظام اللہ کے احکامات کے خلاف ہے، اسے ختم ہونا چاہیے۔

جامع مسجد منصورہ میں اجتماعِ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ملک میں رائج موجودہ نظام اللہ کے حکم کے خلاف ہے، اسے ختم ہونا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ دین محض چند بنیادی مسائل کا نام نہیں بلکہ عدل و انصاف پر مبنی مکمل نظام ہے۔ اگر معاشرے میں انصاف نہ ہو اور فساد پھیلا ہو تو اسے دینی نظام قرار نہیں دیا جا سکتا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کو سنگین مسائل کا سامنا ہے، کوئی صوبہ فنڈز کی کمی کا شکوہ کرتا ہے تو کوئی نئے صوبوں کا مطالبہ کر رہا ہے، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، تاہم ان حالات کے باوجود جماعت اسلامی وہاں بھرپور کام کر رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ہزاروں معصوم بچوں کو شہید کیا ہے، موجودہ نظام میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جو معاشرتی مسائل کی سنگینی ظاہر کرتا ہے۔

اُنہوں نے معاشی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی کمیٹی نے پٹرول کے معاملے پر کام کیا تو کئی مقامات پر کرپشن کے انکشافات سامنے آئے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شرح سود 12 فیصد ہے جبکہ کھاتہ داروں کو صرف 5.6 فیصد منافع ملتا ہے، بینکوں میں موجود 40 فیصد رقم کرنٹ اکاؤنٹس میں ہے جس پر سود نہیں دیا جاتا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے الزام عائد کیا کہ حکومت کسی کی بھی ہو، مافیاز کا کارٹیل ہمیشہ اس میں موجود رہتا ہے۔

بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے مل کر پی ٹی آئی حکومت گرائی، لیکن آج انہیں بہت فکر ہو رہی ہے، خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کا ہی گورنر ہے جہاں ایمرجنسی اور گورنر راج کی بات ہو رہی ہے، یہ سب آپس میں ملے ہوئے ہیں اور صرف ذاتی مفادات کا سوچتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 22 نومبر کو کوئٹہ جبکہ 29 نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں بھرپور جلسہ کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...