پنجاب ویٹ ریلیز اینڈ فلور ڈسٹری بیوشن آرڈر 2026 کا اطلاق کل سے ہو گا

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے پنجاب ویٹ ریلیز اینڈ فلور ڈسٹری بیوشن آرڈر 2026 نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کا اطلاق کل سے ہوگا۔

 صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گندم کی قیمت 4500 روپے فی 40 کلوگرام جبکہ سرکاری گندم سے تیار کردہ آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 1275 روپے مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت سرکاری گندم صرف منظور شدہ فعال فلور ملز اور لائسنس یافتہ آٹا چکیوں کو فراہم کی جائے گی، گندم کے حصول کے لیے فلور ملز اور آٹا چکیوں کو متعلقہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے ساتھ معاہدہ کرنا ہوگا۔

دوسری جانب سرکاری گندم کی فراہمی بینک میں پیشگی رقم جمع کرانے اور اس کی تصدیق سے مشروط ہو گی، سرکاری گندم سے تیار آٹے کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کی روزانہ بنیاد پر تصدیق بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔

حکومت نے پنجاب میں فلور ملز کی پہلے سے منظور شدہ گندم پسائی کی صلاحیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے سے منظور شدہ رولر باڈیز کی پسائی کی صلاحیت میں اضافے کی اجازت نہیں ہوگی۔

گندم کی فراہمی میں پاسکو، ایگریگیٹرز اور درآمدی گندم کو مکس اینڈ میچ کی بنیاد پر شامل کیا جائے گا، اضلاع کا گندم کوٹہ آبادی اور ضروریات کے مطابق مختص ہوگا اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز فلور ملز اور آٹا چکیوں میں کوٹہ تقسیم کریں گے۔

آرڈر کے تحت فلور ملز کو سرکاری گندم کے ساتھ اپنی نجی گندم کی پسائی کی بھی اجازت ہوگی، سرکاری گندم سے آٹا تیار کرنے والی فلور ملز نجی گندم سے تیار کردہ مصنوعات دیگر صوبوں میں بھیج سکیں گی، تاہم اس کے لیے ای پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا، فلور ملز کو فوڈ ڈیپارٹمنٹ انوینٹری مینجمنٹ سسٹم (FDIMS) پر روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا اپ لوڈ کرنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں سرکاری گندم کی پسائی کے لیے 70:18:12 کا ایکسٹریکشن ریشو مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت 70 فیصد آٹا، 18 فیصد فائن اور 12 فیصد چوکر حاصل ہوگا، گندم کی خریداری، ذخیرہ اور پسائی کے تمام معاملات کی نگرانی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائے گی۔

حکومت نے ڈائریکٹر جنرل فوڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور فوڈ انسپکٹرز کو فلور ملز اور آٹا چکیوں کے معائنے کا اختیار دے دیا ہے، سرکاری گندم کی مقررہ مقدار سے کم پسائی ثابت ہونے پر متعلقہ فلور مل سے مقررہ نرخوں کے مطابق ریکوری کی جائے گی ۔

دوسری جانب  خلاف ورزی کرنے والی فلور ملز کے لائسنس معطل یا منسوخ کیے جا سکیں گے، حکومت کے واجبات اور ریکوری جمع نہ کرانے والی فلور ملز کو سرکاری گندم جاری نہیں کی جائے گی۔

مزید برآں سرپلس اضلاع سے گندم ضرورت کے مطابق ڈیفیسٹ اضلاع منتقل کی جائے گی جبکہ گندم کی قلت والے اضلاع کی فلور ملز کو دیگر اضلاع سے کوٹہ اٹھانے کا پابند بنایا جائے گا۔

علاوہ ازیں دستیاب گندم کے ذخائر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فوڈ وقتاً فوقتاً ڈیفیسٹ اضلاع کا تعین کریں گے، ضلعی انتظامیہ آٹے کی مقررہ سرکاری قیمت پر فروخت یقینی بنانے کے لیے نگرانی کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...