دنیا کے طاقتور ترین مقناطیس کا ایک حصہ مکمل

ٹیکنالوجی

پیرس: (دنیا نیوز) آب وہوا کی تبدیلی کے خلاف جنگ میں دو براعظموں میں ایک ساتھ کی جانے والی کوششوں میں سائنسدانوں نے دنیا کے طاقتور ترین مقناطیس کا ایک حصہ مکمل کر لیا ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی فرانس میں بین الاقوامی تھرمو نیوکلیئر تجرباتی ری ایکٹر کے سائنسدانوں نے میڈیا کو بتایا کہ یہ مقناطیس ایک بہت بڑے جوہری بجلی گھر کا اہم حصہ ہے، اس کی اونچائی 60 فٹ اور قطر لگ بھگ 14 فٹ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ مقناطیس اتنا طاقتور ہے کہ 1 طیارہ بردار بحری جہاز کو کھینچ سکتا ہے اور اس سے بجلی گھر میں توانائی کے جوہری اخراج کے اصول کے تحت بجلی پیدا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس منصوبے پر 35 ممالک مل کر کام کر رہے ہیں اور اس پراجیکٹ کا تخمینہ 20 ارب ڈالر ہے۔

دوسری طرف میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں اور ایک نجی کمپنی نے بھی اپنے الگ الگ بیان میں بتایا ہے کہ انہوں نے بھی دنیا کے سب سے طاقتور ہائی ٹمپریچر سپر کنڈکٹنگ مقناطیس کے کامیاب ٹیسٹ کے ساتھ ایک سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمومی طور پر فشن ری ایکٹرز سے تابکاری خارج ہوتی ہے جو بہت زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، اس کے برعکس اس مقناطیس کو جس ری ایکٹر میں استعمال کیا جائے گا اس سے تابکاری خارج نہیں ہو گی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں