فیصل آباد سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں خواتین عملہ کی عدم تعیناتی، کیسز پر کام رک گیا

ٹیکنالوجی

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں خواتین عملہ تعینات نہ ہونے کے سبب سنگین نوعیت کے کیسز بھی مرد عملہ ڈیل کرنے لگا ہے، خاتون کی گرفتاری اور تفتیش کیلئے خواتین عملہ نہ ہونے سے ایسے کیسز پر کام رک گیا۔

سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر فیصل آباد اپنے قیام سے لیکر اب تک عملہ، ضروری ٹیکنیکل سازو سامان اور ٹرانسپورٹ کی کمی کا شکار ہے جبکہ اس سینٹر میں خواتین عملہ تو بالکل ہی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے سائبر کرائم سینٹر میں نہ ہی فرنٹ ڈیسک پر درخواستیں موصول کرنے کیلئے خواتین عملہ موجود ہے نہ ہی ایسی درخواستوں پر تفتیش اور گرفتاری کیلئے کوئی خواتین تفتیشی آفیسرز موجود ہیں۔

تمام مرد عملہ ہی تعینات ہونے کی وجہ سے درخواست دینے آنیوالی خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ہراسگی کے سنگین نوعیت کے معاملات مرد عملہ کو بتانے اور اس حوالہ سے اپنے مسائل سے آگاہ کرنے میں خواتین سائلین کو ہچکچاہٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد سید فرید علی کا موقف ہے کہ جب تک خواتین عملہ کی بھرتی نہیں ہوتی، ایف آئی اے سرکل دفتر سے ضرورت کے وقت خواتین عملہ سائبر کرائم دفتر کو مہیا کیاجائے گا اور ان میں سے کئی خواتین کی عارضی تعیناتی بھی سائبرکرائم میں کردی جائے گی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں