واٹس ایپ نے تصاویر اور ویڈیوز کے بعد آڈیو میسجز کو بھی 'ویو ونس' میں شامل کرلیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو مزید محفوظ بنانے کیلئے تصاویر اور ویڈیوز کے بعد آڈیو میسجز کو بھی 'ویو ونس' میں شامل کرلیا۔

واٹس ایپ نے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کی پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو بچانے کیلئے  ویو ونس  نامی فیچر متعارف کرایا تھا، اس فیچر کے تحت بھیجی جانیوالی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہوجاتی ہے، مگر اب کمپنی کی جانب سے آڈیو میسجز کو بھی اس فیچر کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

اس فیچر پر کئی ماہ سے کام کیا جا رہا تھا اور اب اسے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب صارفین ایسے آڈیو میسج بھیج سکیں گے جو ایک بار پلے ہونے کے بعد خود بخود ڈیلیٹ ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کا بہترین فیچر’ بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن‘ میسنجر کا بھی حصہ بن گیا

واٹس ایپ میں پہلے ہی ڈس اپیئرنگ میسجز کا فیچر موجود ہے جس میں آڈیو میسجز مخصوص وقت کے بعد غائب ہوجاتے ہیں، مگر ویو ونس کا نیا فیچر مکمل چیٹ کی بجائے کسی ایک مخصوص آڈیو میسج کے لیے استعمال کیا جاسکے گا جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد غائب ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ جب ویو ونس فیچر متعارف کرایا گیا تھا تو کمپنی نے کہا تھا کہ اس فیچر کو وائی فائی لاگ ان تفصیلات یا دیگر حساس تفصیلات کی تصاویر شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

اب آڈیو میسجز کو اس کا حصہ بناتے ہوئے کمپنی کا کہنا تھا کہ اب آپ کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات یا دیگر حساس تفصیلات ایسے آڈیو میسج میں شیئر کر سکیں گے جو ایک بار پلے ہونے کے بعد ڈیلیٹ ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ نے اواتار فیچر میں زبردست اضافہ کردیا

کمپنی کا کہنا تھا کہ اس فیچر کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور آنے والے ہفتوں میں یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

اس فیچر کو استعمال کرنا کافی آسان ہے، درحقیقت یہ فیچر معمول کے آڈیو میسج ریکارڈ کرنے کی طرح ہی کام کرتا ہے، جب آپ آڈیو میسج ریکارڈ کریں گے تو دائیں جانب کونے میں ایک آئیکون نظر آئے گا جس نمبر 1 لکھا ہوگا اور اس پر کلک کرنے پر آڈیو میسج کے لیے ویو ونس موڈ ان ایبل ہو جائے گا۔

اگر کوئی فرد اس آڈیو میسج کو 2 ہفتے تک نہیں سنے گا تو واٹس ایپ کی جانب سے اسے خودکار طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے گا، یہ واضح رہے کہ ویو ونس کے تحت بھیجے گئے آڈیو میسج کو سیو، شیئر یا فارورڈ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں