واٹس ایپ پر چیٹ فلٹر کا فیچر جلد پیش کر دیا جائے گا

نیویارک: (ویب ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر چیٹ فلٹر کا فیچر جلد پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

واٹس ایپ ایڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق ایپلی کیشن کے ماہرین چیٹ فلٹر پر کام کرنے میں مصروف ہیں اور نئے فیچر کو جلد ہی پہلے آزمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔

چیٹ فلٹر فیچر کے تحت صارفین اپنے پسندیدہ ترین نمبروں کی چیٹس کو ایک الگ باکس میں رکھ سکیں گے۔

فیچر کے تحت صارفین جیسے ہی واٹس ایپ کی چیٹس میں جا کر سرچ پر کلک کریں گے تو باکس میں فیورائٹس، گروپس، کانٹیکٹس اور ان ریڈ جیسے آپشنز نظر آئیں گے۔

مذکورہ آپشنز کے تحت جیسے ہی صارف فیورائٹس پر کلک کرے گا تو وہاں اسے اپنے پسندیدہ نمبرز کی چیٹ نظر آئے گی اور تمام نمبروں کے چیٹ باکس الگ الگ دکھائی دیں گے۔

تاہم فیورائٹس میں چیٹس کو شامل کرنے کیلئے صارف کو پہلے فہرست ترتیب دینی پڑے گی اور اس کیلئے صارف کو چیٹنگ کے دوران آپشن دیا جائے گا کہ وہ کسی بھی نمبر کو پسندیدہ کی لسٹ میں شامل کرے۔

اس وقت واٹس ایپ پر چیٹس میں جا کر جیسے ہی سرچ پر کلک کیا جاتا ہے تو وہاں ان ریڈ، ڈاکیومنٹس، تصاویر، ویڈیوز اور پولز کو سرچ کرنے کا آپشن آتا ہے، تاہم نئے فیچرز کے تحت صارفین کو وہاں فیورائٹس کا آپشن بھی نظر آئے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں