پی ایس ڈی ایف اور این اے وی ٹی ٹی سی میں نوجوان کو ووکیشنل ٹریننگ دینے کا معاہدہ

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این اے وی ٹی ٹی سی) نے ایک مفاہمتی معاہدہ پر دستخط کیے ہیں جس کے مطابق دونوں ادارے مل کر ملک بھر کے نوجوان کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت فراہم کریں گے۔

معاہدہ کے بعد پی ایس ڈی ایف کا دائرہ کار پنجاب سے نکل کر ملک بھر میں پھیل جائے گا اور پورے ملک کے نوجوان اس ادارے کی جانب سے فراہم کئے جانے والے کورسز سے مستفید ہو سکیں گے۔

اس معاہدہ کی رو سے مقامی طور پر تربیت یافتہ نوجوانوں کی ڈیجیٹل ٹریننگ اور سرٹیفکیشن کے حوالے سے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی تاکہ پاکستانی لیبر فورس بین الاقوامی مارکیٹ میں آسانی سے اپنی جگہ بنا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: بارسلونا :ٹیکنالوجی میلے میں مصنوعی ذہانت سے تیار جدید اشیا توجہ کا مرکز

دونوں تنظیموں نے مقامی اور بین الاقوامی طلب پیدا کرنے کے لیے مختلف سیکٹرز کی ترجیحی ٹریننگ اور بین الاقوامی ضروریات کے عین مطابق ہنرمندی کی تربیت کی فراہمی پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں ادارے تعمیرات، مہمان نوازی اور آئی ٹی کے شعبوں میں تربیتی پروگراموں میں ملک کے نوجوانوں کو ہنر کی تربیت فراہم کرنے میں تعاون کریں گے، اس تربیت کے ذریعے کوشش کی جائے گی کہ کم از کم 30 فیصد فارغ التحصیل افراد کو اس کے بعد نوکری مل جائے۔

ٹریننگ ملک بھر کے 16 اضلاع میں دی جائے گی جن میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، اسلام آباد، رحیم یار خان، کراچی، حیدر آباد، سکھر، پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ پر چیٹ فلٹر کا فیچر جلد پیش کر دیا جائے گا

مزید برآں دونوں تنظیموں نے نصاب کی اپ گریڈیشن اور TVET کے شعبے کی ترقی میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پی ایس ڈی ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر علی اکبر بوسن نے بین الاقوامی طریقوں کو سیکھنے اور مقامی TVET نصاب کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی اور بین الاقوامی نصاب کے درمیان فرق کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک بین الاقوامی طلب کے مطابق ہنر مند افرادی قوت پیدا کرے، انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کرنے سے پاکستانی افرادی قوت بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر طریقے سے جگہ بنا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لیتھیئم آئن کے متبادل ری سائیکل ہونے والی پانی کی بیٹری ایجاد

این اے وی ٹی ٹی سی کی چیئرپرسن گلمینہ بلال احمد نے یوتھ ایمرجنسی نافذ کرنے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ناکام ہونے سے روکنے اور انہیں معاشرے کے لیے مفید اور اہم بنانے کے لیے ٹارگٹڈ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

پی ایس ڈی ایف کے بورڈ ممبر ڈاکٹر اعجاز نبی نے کہا کہ اس معاہدہ کے بعد پی ایس ڈی ایف اب سکل ڈویلپمنٹ ادارہ بنانے کے اپنے مقصد کی طرف بڑھ رہا ہے، انہوں نے حکومتی فنڈنگ کے علاوہ پی ایس ڈی ایف کو پورے ملک اور صنعتوں کے ساتھ مل کر مزید تربیتی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں