ایکس (ٹوئٹر) نے بوٹ اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا آغاز کر دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) ایکس (ٹوئٹر) نے پلیٹ فارم سے بوٹ یا آٹومیٹڈ اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا آغاز کر دیا۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ بوٹ اکاؤنٹس کی وجہ سے پلیٹ فارم پر بہت سارے جعلی اکاؤنٹس ہیں جو کہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں، اس لئے انہیں ڈیلیٹ کرنے کا آغاز کر دیا گیا۔

کمپنی کے مطابق ان تمام بوٹ یا آٹومیٹڈ اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا جو کہ انسان نہیں چلا رہے۔

ساتھ ہی کمپنی نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ کمپنی بوٹ اکاؤنٹس چلانے والے بڑے ذمہ داروں کا بھی تعین کرے گی اور پھر انہیں کٹہرے میں بھی لایا جائے گا۔

ٹوئٹر کی جانب سے بوٹ یا آٹومیٹڈ اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کئے جانے کے بعد درجنوں صارفین کے فالوورز کی تعداد بھی کم ہونے لگی ہے۔

بوٹ چیٹس یا آٹومیٹڈ اکاؤنٹ ایسے ہوتے ہیں جنہیں چلانے کیلئے انسان کی ضرورت نہیں پڑتی، ایسے اکاؤنٹ سافٹ ویئر یا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز کی مدد سے بنائے جاتے ہیں اور پھر وہ ازخود انسانوں کے اکاؤنٹس کی طرح کام کرنے لگتے ہیں۔

بوٹ یا آٹومیٹڈ چیٹس کا استعمال بڑی بڑی کمپنیاں بھی کرتی ہیں اور بہت ساری ایپلی کیشنز بھی آٹومیٹڈ چیٹس کی سہولت فراہم کرتی ہیں، جیسا کہ واٹس ایپ یا فیس بک میسینجر یا ای میل پر آٹو ریپلائی کا آپشن رکھا جائے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ٹوئٹر پر لاکھوں بوٹ یا آٹومیٹڈ اکاؤنٹس ہیں جنہیں جعلی اکاؤنٹس بھی کہا جاتا ہے اور ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدتے وقت ہی ایسے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں