بھارت: چور 50 میٹر بلند موبائل ٹاور چرا کر فرار

اتر پردیش: (ویب ڈیسک)موبائل فون چوری ہو جانا یا چھن جانا اب معمول بن چکا ہے لیکن بھارت میں تو چور 50 میٹر بلند موبائل ٹاور ہی چوری کر کے فرار ہوگیا، اس عجیب وغریب چوری نے تفتیشی حکام کی نیندیں اڑا دیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چوری کی یہ انوکھی واردات بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں اُجینی میں ہوئی جہاں چور نے 50 میٹر بلند موبائل فون ٹاور کو بھی نہ بخشا اور اسے چوری کر لیا۔

یہ موبائل ٹاور صرف 50 میٹر بلند ہی نہیں بلکہ 10 ٹن وزنی بھی تھا، اس کے ساتھ ہی چور ساڑھے 8 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان بھی ساتھ لے گئے جس میں ایک شیلٹر، الیکٹریکل فٹنگز اور موبائل ٹاور اسمبلی سے متعلق دیگر سامان بھی شامل تھا۔

پولیس نے موبائل ٹاور چوری ہونے کی ایف آئی راجیش کمار کی مدعیت میں درج کر لی جس میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ ٹاور رواں سال 31 مارچ کو چوری کیا گیا تھا، تاہم یہ بات تاحال واضح نہیں کی گئی کہ واقعے کی رپورٹ 8 ماہ بعد کیوں درج کرائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق راجیش کمار یادو نامی ٹیکنیشن کا کہنا ہے ان کی کمپنی نے جنوری 2023 میں اجینی گاؤں میں عبید اللہ نامی ایک شخص کے کھیت میں موبائل ٹاور نصب کیا تھا، 31 مارچ کو معائنے کیلئے کھیت کا دورہ کرنے پر یہ بات سامنے آئی کہ ٹاور چوری ہوچکا ہے۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر ٹاور کو سکریپ کے طور پر فروخت کرنے کیلئے چوری کیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں