کاغذ کے ایک ٹکڑے نے بھارتی مسافر طیارے کے عملے کی دوڑیں لگوا دیں

نئی دہلی:(ویب ڈیسک) انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر موجود انڈگو ایئرلائن کی پرواز میں بم کی اطلاع سے بھگدڑ مچ گئی جس کے بعد مسافروں کو نکال کر جہاز کا جائزہ لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کو ایئرلائن کے حکام نے کہا کہ گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائٹ سکس ای 2211 کو صبح پانچ بجے کے قریب اس وقت رن وے پر روک لیا گیا جب وہ ورانسی روانگی کے لیے تیار تھی۔

فضائی کمپنی کے ایک عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ صبح پانچ بج کر 40 منٹ پر ایئرپورٹ کی آئی جی آئی کو ایک ٹیلی فون کے ذریعے پرواز میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ پائلٹ کو واش روم کے اندر سے کاغذ کا ایک ایسا ٹکڑا بھی ملا جس پر لکھا تھا کہ 30 منٹ میں دھماکہ ہونے والا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی کے بعد جہاز میں سوار 176 مسافروں کو فوری طور پر اتار کر جہاز سے دور لے جایا گیا، جس کے بعد کوئیک رسپانس ٹیم نے جہاز کی تلاشی لینا شروع کی تاہم کسی مشکوک چیز کی موجودگی کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے جبکہ تمام مسافروں کو ہنگامی دروازوں کے ذریعے نیچے اتارا گیا اور وہ سب ٹھیک ہیں۔

انڈگو ایئرلائن کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے کہ ایئرپورٹ سکیورٹی ایجنسیز کی ہدایات کے مطابق جہاز کو عمارت سے دور خالی مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے رواں ماہ کے آغاز میں بھی دہلی ایئرپورٹ پر ٹشو پیپر کا ایک ایسا ٹکڑا ایئر انڈیا کی پرواز کے واش روم میں سے برآمد ہوا تھا جس پر لفظ ’بم‘ لکھا ہوا تھا جو بعد میں دھوکہ ثابت ہوا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں