7 کروڑ سال قدیم ڈائنوسار کا ڈھانچہ 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالر میں فروخت
نیویارک: (ویب ڈیسک) تقریباً 7 کروڑ سال قدیم ٹی ریکس ڈائنوسار کا تقریباً 80 فیصد مکمل فوسل ڈھانچہ نیویارک میں ہونے والی ایک نیلامی کے دوران 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ قیمت میں فروخت کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلامی کے دوران اس نایاب فوسل کے لیے آخری بولی 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر لگائی گئی، تاہم نیلام گھر کی فیس شامل ہونے کے بعد مجموعی فروخت 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی، یہ کسی بھی ڈائنوسار کے ڈھانچے کی اب تک کی سب سے مہنگی فروخت قرار دی جا رہی ہے۔
گس نامی اس ٹی ریکس کی اونچائی تقریباً 12.5 فٹ (3.8 میٹر) جبکہ لمبائی 38 فٹ (11.5 میٹر) ہے، ماہرین کے مطابق اس فوسل کی خاص بات اس کی غیر معمولی حالت میں محفوظ کھوپڑی، طاقتور دانتوں سے بھرا جبڑا، دونوں پاؤں اور کئی نایاب ہڈیوں، جن میں فرکیولا بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ نایاب فوسل 2021 میں امریکی ریاست ساؤتھ ڈکوٹا کے ایک فارم سے دریافت ہوا تھا۔
نیلامی کے دوران فون پر شریک ایک گمنام خریدار نے صرف 10 منٹ جاری رہنے والی مسابقتی بولی میں چھ دیگر بولی دہندگان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اس تاریخی ڈھانچے کو اپنے نام کر لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments