فلسطینی وزیراعظم کا سعودی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

غزہ: (ویب ڈیسک) فلسطینی وزیراعظم اور وزیرخارجہ ڈاکٹرمحمد مصطفیٰ نے سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے فلسطینی وزیراعظم سے بات چیت کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کے حوالے سے سعودیہ کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ سعودیہ نے اپنا مضبوط مؤقف امریکی انتظامیہ کو بتایا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ اس وقت تک کسی قسم کے سفارتی تعلقات قائم نہیں ہوں گے جب تک کہ آزاد فلسطینی ریاست کو اس کی سرحدوں پر تسلیم نہیں کیا جاتا اور مشرقی بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم نہیں کیا جاتا۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائی کی بارہا مذمت کرتے ہوئے قابض فوج سے جارحیت بند کرنے اور غزہ کی پٹی سے انخلاء کا مطالبہ کیا ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ مملکت اب بھی غزہ کی پٹی میں عام شہریوں کو ریلیف امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے لئے ریلیف کی عوامی مہم کے ذریعے شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے اب تک 185 ملین ڈالر سے زیادہ کی رقم جمع کی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں