ایران نے غزہ جنگ کے بعد اسرائیل کیخلاف سائبر حملوں میں اضافہ کر دیا

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے غزہ جنگ کے بعد اسرائیل کیخلاف سائبر حملوں میں اضافہ کر دیا۔

میڈیا کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل ایرانی سائبر حملوں کا سب سے بڑا ہدف بن گیا ہے جبکہ تنازع سے پہلے تہران نے بنیادی طور پر امریکہ پر توجہ مرکوز کر رکھی تھی۔

ایک سالانہ رپورٹ میں ٹیکنالوجی کی کمپنی مائیکروسافٹ نے کہا اسرائیل حماس جنگ شروع ہونے کے بعد ایران نے اسرائیل کے خلاف اپنے سائبر حملوں میں اضافہ کیا۔

مائیکروسافٹ ڈیجیٹل ڈیفنس رپورٹ میں کہا گیا سات اکتوبر 2023 سے جولائی 2024ء تک مائیکروسافٹ کے مشاہدے میں آنے والی تقریباً نصف ایرانی کارروائیوں میں اسرائیلی کمپنیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکہ کی بڑی سافٹ ویئر کمپنی کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2023 تک صرف 10 فیصد ایرانی سائبر حملوں نے اسرائیل کو نشانہ بنایا جبکہ 35 فیصد کا نشانہ امریکی ادارے اور 20 فیصد کا متحدہ عرب امارات تھا۔

واضح رہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران نے اسرائیل کو غیر مستحکم کرنے کے مقصد سے متعدد سوشل میڈیا کارروائیاں شروع کی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں