پاکستان اور یو اے ای کے بعد ترکیہ کا بھی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان

انقرہ: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور پاکستان کے بعد ترکیہ نے بھی غزہ میں قیام امن کے لیے ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی۔

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ترکیہ غزہ میں امن کے لیے بورڈ آف پیس میں شمولیت کے لیے تیار ہے۔

گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے قائم کردہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کی تھی۔

آج پاکستان نے بھی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، پاکستان کا مؤقف ہے کہ 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

واضح رہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کا قیام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے کا اہم حصہ ہے، اس سے قبل امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا اعلان بھی کردیا ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں