دباؤ بڑھانے کیلئے امریکا کا مزید ایرانی آئل ٹینکرز ضبط کرنے پر غور

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ٹرمپ انتظامیہ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کیلئے مزید ایرانی آئل ٹینکرز ضبط کرنے کے آپشن پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اعلیٰ امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس ممکنہ اقدام کا مقصد تہران کی سب سے بڑی آمدنی کے ذریعے تیل کی برآمدات کو نشانہ بنانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو ایران کی معیشت پر نمایاں دباؤ پڑ سکتا ہے تاہم اس فیصلے کو متعدد رکاوٹوں کا سامنا بھی ہے، سب سے بڑا خدشہ ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی ہے جسے امریکی عہدیدار تقریباً یقینی ردعمل قرار دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق واشنگٹن کو اندیشہ ہے کہ ایران خطے میں امریکی اتحادیوں کے آئل ٹینکروں کو نشانہ بنا سکتا ہے یا آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھا کر عالمی تیل کی ترسیل کو متاثر کر سکتا ہے۔

دوسری جانب ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ ایسی کسی بھی پیشرفت سے تیل کی عالمی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ اور خطے میں عسکری کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں