مرحبا رمضان! سعودی عرب، خلیجی ممالک اور افغانستان میں آج پہلا روزہ
ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب، خلیجی ممالک اور افغانستان میں ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا، جہاں آج پہلا روزہ رکھا گیا ہے۔
گزشتہ رات مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں رمضان المبارک کی پہلی تراویح کے روح پرور مناظر دیکھے گئے۔
دنیا بھر سے آئے ہزاروں مسلمان بارگاہ الہٰی میں سجدہ ریز ہوئے، ماہ رمضان پانے پر شکر اور مغفرت کی دعائیں مانگی گئیں۔
اس کے علاوہ عراق، عمان، ترکیے، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں پہلا روزہ کل ہوگا، وسطی ایشیائی ممالک آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور ازبکستان میں رمضان المبارک کا آغاز جمعرات سے ہوگا، بنگلا دیش، بھارت، جاپان، سنگاپور، آسٹریلیا اور فرانس میں بھی کل پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج پشاور میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد کریں گے، اس موقع پر ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے جہاں سے چاند کی شہادتیں موصول کی جائیں گی۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ ماہرین کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، جس کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ رمضان المبارک کا باقاعدہ اعلان اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔