امریکا کا 250 واں یوم آزادی: صدر ٹرمپ والی تصویر والا سونے کا سکہ جاری کرنیکی منظوری

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے 250 ویں یوم آزادی پر صدر ٹرمپ والی تصویر والا سکہ جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی۔

امریکا کے وفاقی ادارے کمیشن آف فائن آرٹس نے یادگاری سونے کے سکے کے منصوبوں کی منظوری دی تاہم اس طرح کی کوششوں کی قانونی حیثیت پر بارہا سوال اٹھایا جاتا رہا ہے، وفاقی قانون امریکی کرنسی پر زندہ صدور کی تصویر لگانے پر پابندی لگاتا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے یادگاری سونے کے سکے کے علاوہ صدر کی تصویر کو ایک ڈالر کے سکے پر لگانے کا منصوبہ بھی بنایا ہے، ناقدین نے دونوں اقدامات کو غیر قانونی اور موجودہ لیڈر کے لیے نامناسب قرار دیا۔

امریکی سینیٹر جیف مرکلے نے تبصرہ کیا کہ سکوں پر بادشاہوں اور آمروں کی تصاویر ہوتی ہیں، جمہوری رہنماؤں کی نہیں، امریکی ٹکسال میں آفس آف ڈیزائن مینجمنٹ کی قائم مقام چیف میگن سلیوان نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ڈیزائن کی خود منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے کمیشن آف فائن آرٹس کے تمام اراکین کو فارغ کرکے اپنی پسند کے اراکین کا تقرر کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں