ایران کے اسرائیلی شہروں دیمونا، عراد پر شدید میزائل حملے، 6 افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی

تہران: (دنیا نیوز) امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے اسرائیل کے جنوبی شہروں عراد، دیمونا اور وسطی علاقوں پر کلسٹر وار ہیڈ والے میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے شہر دیمونا پر ایران نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانچویں بار میزائل حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں شہر میں شدید تباہی کی اطلاعات ہیں، یہ شہر نہایت سکیورٹی میں گھرا ہوا ہے اور یہاں اسرائیل کا جوہری پلانٹ بھی واقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ ایران میں بڑے زمینی حملے کا حکم دیں گے، 65 فیصد امریکیوں کا خیال

اسرائیل کے جنوبی شہر عراد میں ایرانی حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے، میزائل حملے میں کم از کم 20 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، دیمونا میں 3 منزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی، جبکہ 50 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ماسکو مشکل وقت میں تہران کا وفادار دوست، قابل اعتماد شراکت دار بنا رہے گا، روسی صدر

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیلی شہر دیمونا پر حملہ نطنز میں واقع جوہری افزودگی کے مرکز پر اسرائیلی حملے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔

دیمونا میں میزائل واقعے کی اطلاعات سے آگاہ ہیں، عالمی جوہری توانائی ایجنسی

عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہر دیمونا میں میزائل واقعے کی اطلاعات سے آگاہ ہیں، نیوکلیئر ریسرچ سینٹر کو نقصان پہنچنے کے شواہد نہیں ملے، معلومات کےمطابق غیر معمولی تابکاری ریکارڈ نہیں ہوئی۔

عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی فوجی اڈے پر زور دار دھماکے
عراق کے دارالحکومت بغداد میں زور دار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا، زمینی ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: خارگ جزیرے کیخلاف فوجی کارروائی پر ناقابل یقین نقصان اٹھانا پڑے گا، ایرانی فوج

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی نے عراقی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بغداد ایئر پورٹ پر قائم امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک دھماکہ ہوا تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ ڈرون کے ذریعے کیا گیا یا کسی اور ذریعے سے، اور نہ ہی کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق ہو سکی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کا امدادی فورسز کو مزید مضبوط بنانے کا اعلان
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنوبی شہر عراد پر ایرانی حملے کے بعد ہنگامی اور امدادی فورسز کو مزید مضبوط بنانے کا اعلان کیا ہے۔

نیتن یاہو نے کہا ہے وہ ان ایمرجنسی اور ریسکیو ٹیموں کو مزید تقویت دے رہے ہیں جو اس وقت جائے وقوعہ پر کام کر رہی ہیں، یہ اقدام تب اٹھایا گیا جب عراد پر ایرانی حملے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

سعودی عرب کا 6 ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کا دعویٰ
سعودی وزارت دفاع کے مطابق پہلے ایک ڈرون کو کامیابی سے روکنے اور تباہ کرنے کے بعد اب اسی علاقے میں مزید کم از کم 6 ڈرونز کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مسلسل نگرانی اور دفاعی نظام کی بروقت کارروائی کے ذریعے ممکن ہوئی، جبکہ علاقے میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کا حملہ، 2 صیہونی فوجی زخمی
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ شمالی اسرائیل میں حملے کے دوران دو فوجی زخمی ہو گئے ہیں، یہ واقعہ حزب اللہ کی جانب سے کیے گئے مارٹر حملے میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں دونوں فوجیوں کو زخم آئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 4 ہزار 292 افراد زخمی ہو چکے، اسرائیلی وزارت صحت
اسرائیل کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 4 ہزار 292 افراد زخمی ہوکر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیے جا چکے ہیں، جبکہ تازہ ایرانی حملوں میں بھی زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں