امریکا کے گولڈن ڈوم میزائل دفاعی نظام کی لاگت 1.2 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے’گولڈن ڈوم میزائل دفاعی نظام کی لاگت 1.2 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ گولڈن ڈوم میزائل دفاعی پروگرام کی لاگت آئندہ 20 برسوں میں 1.2 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، جو ابتدائی اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔

کانگریشنل بجٹ آفس کی نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے پر آنے والی لاگت اس 175 ارب ڈالر سے کہیں بڑھ چکی ہے جس کا ذکر ٹرمپ نے گزشتہ سال کیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے اس منصوبے کو امریکا کے لئے اسرائیل کے آئرن ڈوم طرز کے میزائل دفاعی نظام کے طور پر پیش کیا تھا جس میں خلا میں دفاعی ہتھیار نصب کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

یہ نظام دشمن کے میزائل حملوں کو ان کے مختلف مراحل میں شناخت کرکے تباہ کرنے کے لئے تیار کیا جا رہا ہے، کانگریس اب تک اس منصوبے کے لیے 24 ارب ڈالر کی منظوری دے چکی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے صدارتی ہفتے میں اس نظام کی تنصیب کا حکم دیا تھا اور ان کی خواہش ہے کہ یہ منصوبہ جنوری 2029 میں ان کی مدت صدارت ختم ہونے سے پہلے مکمل طور پر فعال ہو جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں