روسی صدر کا ایٹمی صلاحیت کو مزید وسعت دینے کا اعلان
ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس کی اسٹریٹجک ایٹمی صلاحیت کو مزید وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو اپنی اسٹریٹجک نیوکلیئر فورسز کو مسلسل جدید اور طاقتور بناتا رہے گا۔
روسی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ روس کی دفاعی حکمت عملی میں جدید بیلسٹک میزائل نظام کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے نئے ہتھیاروں کی تیاری کا عمل جاری رہے گا۔
پیوٹن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس نے گزشتہ روز اپنے جدید ترین بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’سرمت‘ کا ایک اور کامیاب تجربہ کیا۔
روسی حکام کے مطابق یہ میزائل تقریباً 35 ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دنیا کے جدید ترین دفاعی نظاموں کو بھی ناکام بنا سکتا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق سرمت میزائل متعدد ایٹمی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس کی رفتار اور پرواز کا نظام اسے روکنا انتہائی مشکل بنا دیتا ہے۔ مغربی دفاعی ماہرین اس میزائل کو روس کے خطرناک ترین اسٹریٹجک ہتھیاروں میں شمار کرتے ہیں۔
روسی صدر نے کہا کہ بدلتی عالمی صورتحال کے تناظر میں روس اپنی دفاعی اور ایٹمی طاقت کو کمزور نہیں ہونے دے گا اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔