امریکا اور اتحادی ممالک کی جاسوسی کے الزام پر چین کو وارننگ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا اور اس کے اتحادی ممالک نے جاسوسی کا الزام لگاتے ہوئے چین کو وارننگ دی ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے چین کو مشترکہ وارننگ جاری کی اور چین پر ملازمت کے پلیٹ فارمز کے ذریعے حساس معلومات حاصل کرنے کا الزام لگایا۔

امریکی اخبار کے مطابق امریکا اور اس کے اتحادیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ چین جعلی پروفائلز اور نوکریوں کی پیشکش کے ذریعے افراد کو نشانہ بنا رہا ہے۔

لندن میں چینی سفارتخانے نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کا الزام مسترد کر دیا اور کہا کہ چین پر جاسوسی کا الزام من گھڑت اور بد نیتی پر مبنی ہے۔

 خیال رہے کہ یہ تنازع صرف جاسوسی تک محدود نہیں بلکہ امریکا اور چین کے درمیان وسیع تر مقابلے کا حصہ ہے، جس میں سائبر سکیورٹی، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت ، سیمی کنڈکٹرزاور علاقائی سلامتی جیسے معاملات بھی شامل ہیں۔

امریکا اور اس کے اتحادیوں کا مؤقف ہے کہ چین حساس معلومات حاصل کرنے کے لیے منظم سائبر اور انٹیلی جنس سرگرمیاں چلا رہا ہے، جبکہ چین ان تمام الزامات کی تردید کرتا ہے اور انہیں سیاسی دباؤ کا حصہ قرار دیتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں